بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

ایران امریکا معاہدہ؛ وزیر خزانہ کا پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق بڑا بیان آگیا

17 جون, 2026 10:22

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان پر بھی نظر آ رہے ہیں۔ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور مشکل حالات کے باوجود عوام کو ایندھن کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ گزشتہ سال مہنگائی کی شرح دو ہندسوں میں رہی، لیکن اب حالات پہلے کے مقابلے میں بہتر ہو رہے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے لیے مہنگائی کا تخمینہ تقریباً 8.2 فیصد رکھا گیا ہے، جبکہ شرح سود بھی پہلے کے مقابلے میں کم سطح پر برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد جنیوا کا دورہ کریں گے۔ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے بعد خطے کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ عالمی حالات میں بہتری سے پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

محمد اورنگزیب نے اسٹیٹ بینک کے حالیہ فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بینک نے پالیسی ریٹ برقرار رکھا ہے، جس سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد ملا ہے۔ اگر معاشی صورتحال اسی طرح بہتر ہوتی رہی تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات کم ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے ملک میں معاشی استحکام کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔ اسی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور لوگ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ مضبوط معیشت کسی بھی بحران کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ قدرتی آفات اور مشکل معاشی حالات کے دوران حکومت نے اپنے وسائل سے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ موجودہ مالی سال کے اختتام تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس سال حکومت نے صرف معاشی استحکام پر نہیں بلکہ معاشی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ برآمدات میں اضافے کے لیے برآمد کنندگان پر عائد سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے تاکہ صنعتوں کو سہولت ملے، سرمایہ کاری بڑھے اور ملکی برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔