بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی

17 جون, 2026 11:12

کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر بجلی مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں ایک درخواست جمع کروا دی ہے۔ اگر یہ درخواست منظور ہو جاتی ہے تو بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 82 پیسے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس اضافے سے صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

نیپرا اس درخواست پر 30 جون کو سماعت کرے گا۔ سماعت کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے یا نہیں۔ سی پی پی اے کے مطابق مئی کے دوران ملک میں 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ اس دوران بجلی کی اصل فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اندازہ 8 روپے 43 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق مئی میں بجلی کی پیداوار میں سب سے بڑا حصہ پانی سے حاصل ہونے والی بجلی کا رہا، جو 33.27 فیصد تھا۔ اس کے بعد مقامی کوئلے سے 11.66 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 13.54 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ فرنس آئل سے بہت کم یعنی 0.16 فیصد بجلی حاصل ہوئی۔

 اسی طرح مقامی گیس کا حصہ 8.31 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 11.81 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ جوہری توانائی کا حصہ 14.25 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔