اتوار، 5-جولائی،2026
اتوار 1448/01/20هـ (05-07-2026م)

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے یومِ شہادت پر صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کا شاندار خراجِ عقیدت

05 جولائی, 2026 09:04

پاکستان کی مسلح افواج، صدر مملکت اور وزیراعظم نے کارگل معرکے کے عظیم ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 27 ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو ان کی 27 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

مسلح افواج کے سربراہان کا کہنا ہے کہ کارگل معرکے میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے بے مثال جرات، قیادت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے وطن کے دفاع میں دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور ان کی یہ قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے پر حملہ کرکے پوری ایرانی قیادت کو ختم کر سکتا تھا، ٹرمپ

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ شہید کی جرات اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور مسلح افواج شہداء کی قربانیوں کے تحفظ اور قومی دفاع کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔

دوسری جانب صدرِ مملکت نے بھی نشانِ حیدر پانے والے عظیم سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی ہمیشہ زندہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہداء ہمارا قومی سرمایہ ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی، کیونکہ انہی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔

وزیراعظم نے بھی اپنے پیغام میں کارگل ہیرو کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی شجاعت مادرِ وطن سے وفاداری کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے اور حکومت اور عوام ہر بیرونی و اندرونی خطرے کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہماری آزادی اور خودمختاری شہداء کے مقدس خون کی مرہون منت ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔