بدھ، 8-جولائی،2026
بدھ 1448/01/23هـ (08-07-2026م)

مصر کی ٹیم کے ساتھ ناانصافی اور دھوکہ ہوا ہے، مصری فٹبال کوچ

08 جولائی, 2026 11:36

مصر کے فٹ بال کوچ حسام حسن نے ارجنٹائن کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں 3-2 سے شکست کے بعد ریفری کے فیصلوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔

مصر کے قومی فٹ بال کوچ حسام حسن نے پریس کانفرنس میں ارجنٹائن کے خلاف میچ میں سنسنی خیز شکست کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ٹیم کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور انہیں دھوکہ دے کر ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کی دوڑ سے باہر کیا گیا ہے۔

مصری کوچ کا کہنا تھا کہ وہ اسے بدقسمتی کا نام دے کر بات کو ہلکا نہیں کرنا چاہتے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔

انہوں نے اعتراض اٹھایا کہ جب ان کی ٹیم 1-0 سے آگے تھی تو مصطفیٰ زیکو کے ایک خوبصورت گول کو ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے لیسانڈرو مارٹنیز کے ساتھ بہت پہلے ہونے والے ایک فاؤل کا بہانہ بنا کر منسوخ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : لیونل میسی کا ورلڈ کپ کیریئر بچ گیا، ارجنٹائن مصری الٹ پھیر سے نکل کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

حسام حسن نے یہ بھی کہا کہ کھیل میں فیئر پلے اور احترام بلکل نظر نہیں آیا۔ ارجنٹائن کے آخری اور فیصلہ کن گول کے وقت الیکس میک الیسٹر نے مصری کھلاڑی حمدی فتحی کی قمیض کھینچی تھی لیکن ریفری اور ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے اس کو چیک کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔

مصری کوچ نے کہا کہ وہ اس ناانصافی کے بعد اب ورلڈ کپ کا کوئی میچ نہیں دیکھیں گے کیونکہ یہ ان کا احتجاج ریکارڈ کرانے کا طریقہ ہے۔

انہوں نے کھیلوں کے چینل بین اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے یہ سنگین الزام بھی لگایا کہ شاید انتظامیہ اور ریفری چاہتے تھے کہ ورلڈ چیمپئن ارجنٹائن ٹورنامنٹ میں برقرار رہے اور لیونل میسی اس ریس سے باہر نہ ہوں، کیونکہ فٹ بال میں بعض اوقات تکنیکی معاملات سے ہٹ کر بیرونی عوامل اثر انداز ہوتے ہیں اور ارجنٹائن کو ہر سطح پر سپورٹ ملی۔

حسام حسن نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیشتر کھلاڑی مصر کی مقامی لیگ میں کھیلتے ہیں جبکہ دوسری ٹیموں کے کھلاڑی یورپ کے پیشہ ورانہ ماحول میں رہتے ہیں، اس کے باوجود محمد صلاح اور عمر مرموش کے ساتھ مل کر مقامی کھلاڑیوں نے عالمی چیمپئن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے میچ کے وقت پر بھی تنقید کی کہ پچھلا میچ کھیلنے کے صرف 4 دن بعد یہ میچ دوپہر 12 بجے رکھا گیا، جو کھلاڑیوں کے کھانے پینے اور آرام کے اوقات کے لحاظ سے غلط فیصلہ تھا۔

اٹلانٹا میں کھیلے گئے اس میچ میں مصر نے عالمی چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف 15 منٹ کے اندر برتری حاصل کر لی تھی اور دوسری ہاف میں اسکور 2-0 کر دیا تھا لیکن ارجنٹائن نے آخری منٹوں میں واپسی کر کے میچ 3-2 سے جیت لیا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔