ہفتہ، 11-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/26هـ (11-07-2026م)

شاہد آفریدی خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

11 جولائی, 2026 14:54

خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کو خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ (KPCL) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔

 لیگ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نئے کرکٹ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 18 جولائی کو پشاور کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں صوبے کے کرکٹ شائقین کو ایک یادگار تقریب دیکھنے کا موقع ملے گا۔

لیگ حکام کے مطابق افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہوگی۔ اسی تقریب کے ساتھ خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ کا باقاعدہ آغاز بھی کیا جائے گا۔ تقریب میں سابق اور موجودہ قومی کرکٹرز شرکت کریں گے، جبکہ مختلف سرگرمیوں کے ذریعے لیگ کے مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

برانڈ ایمبیسیڈر بننے کے بعد شاہد آفریدی نے کرکٹ شائقین سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ افتتاحی تقریب میں ضرور شریک ہوں۔ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ایسی لیگوں کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا بہترین موقع ملتا ہے اور صوبے میں کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اگر باصلاحیت کھلاڑیوں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

لیگ کے کمشنر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔ ان کے علاوہ قومی ٹیم کے کئی سابق اور موجودہ بین الاقوامی کرکٹرز بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

انتظامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب میں ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ صوبہ بھر میں ہونے والے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز، نوجوان کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار اور لیگ کے آئندہ پروگراموں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔