جو روٹ کی شاندار 99 رنز کی اننگز، انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے دی

جو روٹ کی بہترین اور ذمہ دارانہ 99 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
کارڈف کے صوفیہ گارڈنز میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں تجربہ کار بلے باز جو روٹ انگلش کرکٹ کے لیے ایک بار پھر نجات دہندہ بن کر سامنے آئے اور ان کی 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 234 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 35 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کے شاندار 65 رنز اور شریس ائیر کے گرانقدر 66 رنز کی بدولت 44 اوورز میں 233 رنز بنائے تھے اور ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز وکٹ پر ٹک کر نہ کھیل سکا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 47 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں لیں، جن میں سیٹ بیٹر ویرات کوہلی کی وکٹ بھی شامل تھی، جبکہ گس اٹکنسن نے بھی 50 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، جب اوپنر بین ڈکٹ پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کا شکار بنے اور جیکب بیتھل بھی صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
انگلش کپتان ہیری بروک بھی غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر 16 رنز پر پویلین لوٹ گئے، جس پر جو روٹ کافی غصے میں دکھائی دیئے۔
تاہم جو روٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور سیم کرن کے 26، ول جیکس کے 30 اور گس اٹکنسن کے ناقابل شکست 23 رنز کی مدد سے ٹیم کو فتح کی دہلیز پار کروائی۔
جو روٹ اپنی 21ویں سنچری سے محض ایک رن کی دوری پر ناٹ آؤٹ رہے مگر انہوں نے ٹیم کی فتح کو انفرادی سنچری پر ترجیح دی۔
اس فتح کے بعد 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے اور اتوار کو لارڈز میں ہونے والا آخری میچ اب فائنل معرکہ بن چکا ہے، جس کے بارے میں غیر تصدیق شدہ اطلاعات ہیں کہ یہ بھارتی کپتان روہت شرما کے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












