ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل؟ حکومت نئے نظام پر غور کرنے لگی

17 جولائی, 2026 11:40

حکومت پاکستان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار میں ممکنہ تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔

 مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل بدلتی رہتی ہیں۔ اسی وجہ سے کئی ممالک نے ایندھن کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنے کا نظام اختیار کیا ہے۔ اس طریقہ کار سے قیمتوں میں شفافیت آتی ہے اور مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور قیاس آرائیوں میں بھی نمایاں کمی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر قیمتوں کو عالمی منڈی کے مطابق بروقت ایڈجسٹ کیا جائے تو مارکیٹ زیادہ متوازن رہتی ہے۔ اس سے درآمد کنندگان، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور صارفین کے درمیان قیمتوں کا فرق بھی کم ہوتا ہے۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا ایسا نظام پاکستان میں بھی مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔

خرم شہزاد کے مطابق حکومت کی پالیسی کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ قیمتوں کے تعین میں براہ راست سرکاری مداخلت کم کی جائے اور نجی شعبے کو زیادہ فعال کردار دیا جائے۔ جب مارکیٹ اپنے اصولوں کے مطابق کام کرتی ہے تو قیمتوں کا تعین بھی زیادہ شفاف انداز میں ہوتا ہے، جس سے مسابقت بڑھتی ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہمیشہ عالمی حالات، خام تیل کی قیمت اور درآمدی لاگت کے مطابق اتار چڑھاؤ کا شکار رہتی ہیں۔ اگر حکومت مصنوعی طور پر قیمتوں کو ایک سطح پر برقرار رکھنے کی کوشش کرے تو بعض اوقات سپلائرز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں سپلائی متاثر ہونے اور مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جن سے مارکیٹ میں شفافیت، مقابلے کی فضا اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام ابھی زیر غور ہے اور اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔