بہاولپور کا کراچی سے فضائی رابطہ 3 سال کے طویل وقفے کے بعد دوبارہ بحال

پاکستان کی وزارتِ دفاع اور سول ایوی ایشن کی کوششوں سے نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر نے کراچی ایئرپورٹ سے ملکی پروازوں کا آغاز کر کے بہاولپور کا فضائی رابطہ 3 سال بعد بحال کر دیا۔
وزارتِ دفاع، سول ایوی ایشن اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی مشترکہ کوششوں کے بعد پاکستان کے ہوائی رابطوں میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنی طے شدہ ملکی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
اس نئی سروس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس نے بہاولپور کا ملک کے دیگر حصوں سے کٹ جانے والا فضائی رابطہ پورے 3 سال بعد دوبارہ بحال کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں بہاولپور ایئرپورٹ پر پہلی افتتاحی پرواز کی آمد کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی اور اس پرواز کو زیڈ 8-942 نمبر الاٹ کیا گیا ہے، جو کراچی اور بہاولپور کے درمیان چلے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ اور بلوچستان کی بنجر زمینوں پر جھینگا فارمنگ کا آغاز، اربوں روپوں کا زرمبادلہ متوقع
اس کے ساتھ ہی مسافروں کی سہولت کے لیے بہاولپور سے اسلام آباد کے لیے پرواز زیڈ 8-970 بھی شروع کی جا رہی ہے۔
تقریب کے شرکاء نے ان پروازوں کی بحالی کو جنوبی پنجاب کے لیے معاشی اور تجارتی لحاظ سے ایک بہترین قدم قرار دیا ہے۔
مزید برآں، ساؤتھ ایئر کراچی سے بلوچستان کے شہروں تربت اور کوئٹہ کے لیے بھی 4 ہفتہ وار پروازیں چلا رہی ہے، جس کے تحت پرواز زیڈ 8-911 کوئٹہ سے تربت اور کراچی کے لیے اڑان بھر رہی ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق علاقائی سطح پر ہوائی رابطوں کے اس شاندار آغاز سے نہ صرف مسافروں کا وقت بچے گا بلکہ ملک میں تجارت، سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی زبردست فروغ حاصل ہوگا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












