سعودی عرب کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بحری ناکہ بندی کی مذمت، الزامات کو مسترد کر دیا

سعودی عرب نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت کے خلاف بحری ناکہ بندی اور یمنی عوام کے محاصرے کے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔
سعودی عرب نے حوثی ملیشیا کے ملٹری ترجمان کی جانب سے مملکت کے خلاف بحری ناکہ بندی اور یمنی عوام کا محاصرہ کرنے کے تمام الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ سالوں کے دوران یمن کی قانونی حکومت کے ساتھ مل کر مسلسل ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے، سرکاری بجٹ کے لیے مالی مدد فراہم کی ہے اور بجلی گھروں کو چلانے کے لیے پٹرولیم مصنوعات مہیا کی ہیں تاکہ یمنی عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔
وزارت نے اپنے بیان میں حوثیوں کے ان حملوں کا بھی ذکر کیا، جو انہوں نے یمن کے انفراسٹرکچر پر کیے، جن میں 30 دسمبر 2020 کو عدن ایئرپورٹ پر حملہ، جس میں درجنوں افراد مارے گئے، اور 21 اکتوبر 2022 کو جنوبی یمن میں تیل کی برآمدی تنصیبات پر حملے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے حوثی حامیوں کا مظاہرہ، سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے فیصلے کی حمایت
حوثیوں کا مقصد یمنی حکومت کی تیل فروخت کرنے کی صلاحیت کو معطل کرنا تھا، جو کہ ملکی آمدنی کا 60 فیصد بنتی ہے اور جس سے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں۔
جون 2024 میں بھی حوثیوں نے یمنیہ ایئرویز کے 4 طیاروں پر جدہ میں حجاج کرام کو لاتے وقت قبضہ کر لیا تھا اور صنعا ایئرپورٹ سے پروازوں کی بحالی کی تمام بین الاقوامی تجاویز کو مسترد کر دیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا اپنی معاشی ناکامیوں اور عوام میں بڑھتی ہوئی بے چینی سے توجہ ہٹانے کے لیے سعودی عرب پر جھوٹے الزامات لگا رہی ہے۔
دوسری جانب یمن میں عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اعلان کیا ہے کہ عرب اتحاد نے آبنائے باب المندب سے گزرنے والے اپنے تجارتی جہازوں کے لیے سخت حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی دھمکیاں سمندری قزاقی کے مترادف ہیں اور آبنائے باب المندب سے گزرنے والے تمام جہازوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی دھمکی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












