پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف اقدام قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور ہوگا، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب اور تجارتی جہازوں کو حوثیوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں مشرق وسطیٰ میں مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی تمام تر کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
بریفنگ کے دوران انہوں نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں اور سمندری راستوں پر حملوں کی رپورٹس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ برادر ملک سعودی عرب کو دھمکیاں دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے حوثیوں کا 2 سعودی آئل ٹینکرز پر حملہ
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات اور سمندری تجارت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی قوانین اور عالمی اصولوں کے مطابق پاکستان کو اپنی خودمختاری، تجارتی راستوں اور سلامتی کا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











