جمعرات، 30-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/16هـ (30-07-2026م)

پی ٹی آئی کے بلین ٹری منصوبے میں کروڑوں کے مشکوک اخراجات اور غیر مجاز ادائیگیاں، آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش

30 جولائی, 2026 13:02

سابق حکومت کے فلیگ شپ پروگرام بلین ٹری سونامی کی آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی پہنچا دی گئی ہے، جس میں 16 ارب روپے سے زائد مالیت کے 43 آڈٹ اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت کے منصوبے بلین ٹری سونامی سے متعلق مالی سال 2022-23 کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی پہنچا دی گئی ہے۔

اس آڈٹ رپورٹ کو ایوان میں پیش کرنے کے بعد حتمی جائزے کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ارسال کیا جائے گا، جہاں کمیٹی ان تمام 43 آڈٹ اعتراضات کا تفصیلی اور باقاعدہ جائزہ لے گی۔ اس آڈٹ رپورٹ میں پنجاب سے منسلک بلین ٹری سونامی منصوبے کے تمام اعتراضات اور پیراز شامل کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لیڈی پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، پنجاب میں جرائم کی شرح کم ترین سطح پر آ چکی ہے، مریم نواز

رپورٹ کی ایگزیکٹو سمری میں نشاندہی کی گئی ہے کہ یہ پروگرام اپنے ابتدائی 3 سال کے عرصے میں مقررہ اہداف مکمل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

آڈٹ اعتراضات کے مطابق شجر کاری کا منصوبہ کامیاب نہ ہونے کی وجہ سے 36 کروڑ روپے سے زائد کے عوامی وسائل کا شدید نقصان اور ضیاع ہوا ہے۔ اس کے علاوہ منصوبے کے اندر پی سی ون کی شدید خلاف ورزیوں کی مد میں ایک ارب روپے سے زائد کے اعتراضات سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ شجر کاری کے نام پر 2 کروڑ روپے سے زائد کے مشکوک اخراجات کیے گئے ہیں جبکہ 24 کروڑ روپے سے زائد کی غیر مجاز ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں کی کٹوتی میں 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کی کم کٹوتی کی سنگین مالی بے ضابطگیاں بھی آڈٹ رپورٹ کا حصہ ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔