پیر، 3-اگست،2026
پیر 1448/02/20هـ (03-08-2026م)

امریکی انتظامیہ ایران کے خلاف جنگ کے مقاصد پر آپس میں تقسیم، ٹرمپ بے چینی کا شکار

03 اگست, 2026 10:55

ایران جنگ میں امریکی انتظامیہ اندرونی اختلافات اور دفاعی سامان کی شدید کمی کا شکار ہو چکی ہے۔ پیٹریاٹ میزائلوں کے ذخائر 67 فیصد تک کم ہوگئے، جبکہ امریکی عوام کی اکثریت اس جنگ کے خلاف ہیں۔

ایران کے خلاف جاری 6 ماہ طویل جنگ میں امریکہ بری طرح پھنس چکا ہے اور وائٹ ہاؤس کے پاس اس دلدل سے نکلنے کا کوئی واضح راستہ نہیں ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو اس جنگ کو طویل نہیں کرنا چاہتے تھے، اب سخت پریشان ہیں۔ ان کی انتظامیہ اس بات پر تقسیم ہے کہ جنگ کا اصل مقصد کیا ہے؛ ایران کا نیوکلیئر پروگرام روکنا، آبنائے ہرمز کو کھلوانا یا ایران کے میزائل اور ڈرون سسٹم کو تباہ کرنا۔

اس الجھن کی وجہ سے امریکی فوج کو واضح سمت نہیں مل رہی۔ ایک طرف سینٹکام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر 10 سے 14 دن کی شدید بمباری کا مطالبہ کر رہے ہیں، تو دوسری طرف مشترکہ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے خبردار کیا ہے کہ اس سے امریکہ کا رہا سہا دفاعی نظام ختم ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خفیہ دستاویز لیک : ایران جنگ میں 14 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور 400 سے زائد کے زخمی ہونے کا انکشاف

جنگ سے پہلے امریکہ کے پاس 2 ہزار 700 سے زیادہ پیٹریاٹ اور تھاڈ میزائل موجود تھے، لیکن 6 ماہ میں یہ تعداد ایک ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے، یعنی ذخائر میں 67 فیصد کمی آ چکی ہے۔

ایک پیٹریاٹ میزائل کی قیمت تقریباً 40 لاکھ ڈالر ہے اور اسے بننے میں 2 سال کا وقت لگتا ہے۔ صدر ٹرمپ جنگ بڑھانے اور تھکن کے درمیان پھنس چکے ہیں، انہیں امید تھی کہ اعلیٰ ایرانی قیادت کی شہادت کے بعد ملک بکھر جائے گا، لیکن ایران نے زبردست مزاحمت کی اور سفارتی محاذ پر بھی علاقے کے ممالک کے ساتھ کامیاب رابطے رکھے۔

عوامی سطح پر بھی صورتحال خراب ہے، امریکہ کے 67 فیصد بالغ شہری اس جنگ کو بے مقصد سمجھتے ہیں۔ انتخابات قریب آنے کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کے پاس وقت اور صبر دونوں ختم ہو رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس اور اسرائیل کے تعلقات بھی شدید کشیدہ ہیں، جہاں ٹرمپ غیر ہم آہنگ حملوں پر اسرائیل کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں اور اسرائیل امریکہ پر کسی واضح حکمت عملی نہ ہونے کا الزام لگا رہا ہے۔

Catch all the تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔