امریکا نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر کے بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی

واشنگٹن: امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز ایکسٹینڈڈ رینج (جے ڈی اے ایم-ای آر) کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے، جس کا بنیادی ٹھیکا امریکی دفاعی کمپنی بوئنگ کو ملنے کا امکان ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اس کے علاوہ سعودی عرب کو تقریباً 750 ملین ڈالر مالیت کے اے جی ٹی-150 انجنوں کی علیحدہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ انجن جنگی ٹینکوں میں استعمال ہوتے ہیں اور اس معاہدے کا ٹھیکا ہنی ویل کو ملے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجوزہ دفاعی معاہدوں سے سعودی عرب کو موجودہ اور مستقبل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ واشنگٹن کے مطابق اس سے سعودی عرب کی دفاعی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بھی مزید مضبوط ہوگا۔
دریں اثنا امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی دفاعی شعبے سے متعلق دو الگ معاہدوں کی منظوری دی ہے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو ایف-16 لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 188 ملین ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔
اسی طرح عراق کو 150 ملین ڈالر مالیت کے بیل 412 ای پی ایکس ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











