ہفتہ، 5-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/03/23هـ (05-09-2026م)

ایران جنگ کی معلومات لیک ہونے کی تحقیقات، 50 امریکی اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ

05 ستمبر, 2026 09:40

واشنگٹن: ایران جنگ کے دوران امریکی فوج کے اسلحہ اور جنگی ذخائر سے متعلق حساس معلومات میڈیا کو لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات میں تقریباً 50 فوجی افسران اور سویلین اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے جوائنٹ اسٹاف سے وابستہ اہلکاروں سے اگست کے دوران پوچھ گچھ کی گئی اور ان کے پولی گراف ٹیسٹ بھی لیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق تحقیقات کا مرکزی نکتہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور پیٹریاٹ انٹرسیپٹرز سمیت اہم امریکی جنگی ذخائر میں کمی سے متعلق حساس معلومات کا میڈیا تک پہنچنا ہے۔

امریکی حکام کی جانب سے یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جنگ کے دوران امریکی فوج کے اسلحہ ذخائر اور دفاعی صلاحیت سے متعلق معلومات کس ذریعے سے افشا ہوئیں اور انہیں میڈیا تک کیسے پہنچایا گیا۔

تاہم تقریباً 50 اہلکاروں کے ٹیسٹ کے باوجود تحقیقات میں اب تک ایسا کوئی واضح نتیجہ سامنے نہیں آیا جس کی بنیاد پر مبینہ معلومات لیک کرنے والے شخص کی شناخت کی جاسکے۔

امریکی محکمہ دفاع نے مخصوص اہلکاروں یا جاری تحقیقات کی تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ تاہم حکام نے حساس اور خفیہ معلومات کے غیر مجاز افشا کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی سنجیدہ معاملہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حساس معلومات کے لیک ہونے کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ پینٹاگون کی جانب سے مبینہ لیک کے ذمہ دار شخص یا افراد کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ حساس دفاعی معلومات تک کن اہلکاروں کی رسائی تھی اور جنگ کے دوران امریکی فوج کے اسلحہ ذخائر سے متعلق معلومات میڈیا تک کس طرح پہنچیں۔

امریکی حکام کے لیے یہ معاملہ اس لیے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے کہ جنگی ذخائر، میزائلوں اور دفاعی نظام سے متعلق معلومات کا افشا ممکنہ طور پر امریکی فوج کی آپریشنل صلاحیتوں اور مستقبل کی دفاعی منصوبہ بندی کے بارے میں حساس تفصیلات ظاہر کرسکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔