جمعہ، 11-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/29هـ (11-09-2026م)

جنگ ستمبر 1965 کا گیارہواں روز، کھیم کرن اور سیالکوٹ محاذ پر پاک فوج کے جوابی حملے، بھارتی فوج کو بھاری نقصان

11 ستمبر, 2026 10:32

جنگ ستمبر 1965 کے گیارہویں روز پاک افواج نے دشمن کے تمام حملے ناکام بناتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا، جبکہ لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ نے جام شہادت نوش کیا۔

بھارتی فوج کو ابتدائی حملوں میں شکست دینے کے بعد پاک افواج کے حوصلے اور عزم مزید بلند ہو گئے ہیں اور افواج پاکستان منظم ہو کر دشمن پر ڈٹ کر جوابی کارروائیوں اور بھرپور حملوں کے لیے مکمل تیار ہو چکی ہیں۔

پاکستان کی مسلح افواج کے یکے بعد دیگرے کامیاب حملوں سے بھارتی افواج کے سینئر افسران کے قدم ڈگمگا گئے ہیں اور وہ پست حوصلوں کے ساتھ اس کشمش میں مبتلا ہو گئے ہیں کہ محض کشمیر کو جواز بنا کر اتنی بڑی جنگ کا مقصد کیا ہے۔

بھارتی فوج کے چوتھے ماؤنٹین ڈویژن، سیکنڈ انڈیپنڈنٹ آرمڈ بریگیڈ گروپ اور ایک اضافی ٹینک رجمنٹ نے کھیم کرن کے علاقے سے پاکستان کے شہر قصور پر حملہ کیا، جس کا پاکستانی افواج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی افواج کی پسپائی پر کھیم کرن پر قبضہ کیا۔

گھمسان کی جنگ کے بعد پاکستان نے بزدل بھارتی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔ قصور میں پاکستانی فوج نے لاہور کی طرف بھارتی پیش قدمی کو روکا اور کھیم کرن کو چھڑانے کی بھارتی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

لاہور سیکٹر پر بھارتی فوج ہریکے برکی روڈ پہنچی، جس کے بعد ان کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔ سیالکوٹ سیکٹر پر پاک فوج نے ٹینکوں سے بڑا حملہ کرکے 36 بھارتی ٹینک تباہ کر دیئے۔

یہ بھی پڑھیں : ستمبر 1965 جنگ : سیالکوٹ محاذ پر مزید 7 بھارتی ٹینک تباہ، پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیارے مار گرائے

چھمب سیکٹر پر پاکستانی فوج نے دیوا کے شمال میں موجود بھارتی فوجی چوکی پر قبضہ کر لیا۔ سندھ راجھستان سیکٹر میں پاکستانی فوج نے مزید کامیابیاں حاصل کیں۔

پاک فوج نے شمال کی طرف برق رفتاری سے پیش قدمی کرتے ہوئے گدرو میں مزید بھارتی چوکیوں پر قبضہ کیا۔ پاک فضائیہ نے ہلواڑہ کے مقام پر مگ جہازوں کی فارمیشن کو مکمل طور پر تباہ کیا اور دو مزید بھارتی بمبار جہازوں کو مغربی بنگال باغ ڈوگرہ ایئربیس پر تباہ کر دیا۔ دوارکا آپریشن کے بعد پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں اپنی بالادستی برقرار رکھی۔

جنگ ستمبر 1965 کے شہداء کو قوم کا سلام پیش کرتی ہے۔ جنگ کے گیارہویں روز لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ دشمن کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان سیالکوٹ کے محاذ پر کمانڈنگ آفیسر تھے، جہاں ٹینکوں کی شدید لڑائی ہوئی اور وہ دشمن کی گولیوں کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کر گئے، جنہیں بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت ستارہ جرأت کے اعزاز سے نوازا گیا۔

میجر ضیاء الدین احمد عباسی سیالکوٹ میں تعینات تھے، جہاں دشمن کا اگلا ہدف وزیرآباد تھا، وہ دشمن کے ارادوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنے اور اپنے ٹینک پر کھڑے ہو کر دشمن کے فائر کی زد میں آ کر شہید ہو گئے، انہیں بھی بعد از شہادت ستارہ جرأت سے نوازا گیا۔

لیفٹیننٹ حسین شاہ بھی دشمن کے خلاف بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے اور انہیں بھی ستارہ جرأت عطا کیا گیا۔

لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ کا نام جنگ ستمبر 1965 کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔