حکومت خیرات بانٹنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی ختم کرے، حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خیرات بانٹنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، دکانداروں اور تاجروں کو دباؤ میں لانے کا نظام قابل قبول نہیں ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خیرات بانٹنے کے بجائے پٹرولیم لیوی ختم کرے کیونکہ حکومت نے عوام کو لائنوں میں لگانے کا نظام بنا دیا ہے۔
انہوں نے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں اور تاجروں کو دباؤ میں لانے کا نظام قابل قبول نہیں ہے اور پولیس کو دکانیں بند کرانے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا ریلیف پیکیج ناکافی ہے، پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت ایک ہزار 567 ارب روپے لیوی جمع کرکے صرف 25 ارب روپے کا ریلیف دے رہی ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی گئی جبکہ ٹرانسپورٹ، ٹریکٹرز اور دیگر شعبے ڈیزل پر چلتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کی وجہ سے ہر چیز کی قیمت بڑھ رہی ہے، اس لیے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا طریقہ ختم کیا جائے۔
انہوں نے سود کی شرح کم کرنے کے وعدے پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری طیارے کے استعمال کا مکمل ریکارڈ قوم کے سامنے لایا جائے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ وزراء اور سرکاری افسران کی گاڑیاں 1300 سی سی تک محدود کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا ایک اور دور آج شام 6 بجے ہوگا اور جماعت اسلامی کا واحد مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو مذاکرات ختم کر دیں گے اور پھر سڑکوں پر فیصلے ہوں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











