پیٹرول مزید مہنگا ہوگا، مخالفت ریاستی مفاد کے خلاف ہے، وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی اور ملکی معاشی حالات کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ موجودہ مشکل صورتحال میں حکومت کے اقدامات کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کو ریاستی مفاد کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ حکومت کسی بھی فیصلے میں ملک کے وسیع تر مفاد کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے موجودہ حالات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں کے پیچھے مختلف معاشی عوامل اور وجوہات موجود ہوتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اوگرا کی جانب سے مقررہ طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے۔ قیمتوں کے تعین میں شفافیت کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ریلیف کی کوشش
علی پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد رواں ماہ پاکستان آئے گا۔ وفد کے ساتھ معاشی جائزے اور دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ وہ معاشی ٹیم کو ہدایت دیں گے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں عوام کے لیے ریلیف کا راستہ تلاش کیا جائے۔ حکومت موجودہ معاشی حالات میں عوام کو ہر ممکن سہولت دینے کی کوشش کرے گی۔
گیس سیکٹر بھی حکومت کے لیے بڑا مسئلہ
وفاقی وزیر نے گیس کے شعبے کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکومت کے لیے گیس سیکٹر ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ قطر سے 30 ملین ڈالر مالیت کا گیس کارگو بروقت نہیں نکل سکا۔ صورتحال کے باعث اسی کارگو کو بعد میں تقریباً 100 ملین ڈالر کی قیمت پر حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔ اس اضافی لاگت سے قومی خزانے پر بوجھ بڑھتا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











