ایران کے ساتھ معاہدے پر براہ راست بات چیت کررہے ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ معاہدہ چاہتا ہے، جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ ایران سے براہ راست رابطے میں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کیرولائنا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران معاہدہ چاہتا ہے اور امریکہ جنگ کے خاتمے کی جانب بڑھنے کی کوشش کرے گا، جس کے لیئے ایران سے براہ راست بات چیت جاری ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کس طرح آگے بڑھتا ہے۔ ان کے مطابق جنگ کا اختتام نومبر کے انتخابات سے پہلے بھی ہوسکتا ہے، اگرچہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ ممکنہ طور پر انتخابات کے بعد ختم ہو۔
ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایران کی جوہری صلاحیت کو نشانہ بنایا اور بعد میں دوبارہ کارروائی کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ جانے والے بحری جہازوں پر ایران کے مبینہ سائبر حملے کی تحقیقات کا آغاز
امریکی صدر نے ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج نے ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کارروائی کی اور دعویٰ کیا کہ 159 جہاز سمندر میں ڈبو دیئے گئے۔
ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھلا ہوا ہے، امریکی ناکہ بندی کے دوران ایران جانے والا کوئی جہاز اس راستے سے گزرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
انہوں نے امریکی فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کارروائی جلد ختم ہوگی۔ ایران کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے اور جنگ کے اختتام پر ایک اچھا نتیجہ سامنے آسکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











