منگل، 22-ستمبر،2026
منگل 1448/04/11هـ (22-09-2026م)

محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

22 ستمبر, 2026 08:18

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور تجارت، توانائی، سیاحت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں اہم جغرافیائی حیثیت اور وسیع وسائل کے حامل ہیں۔ پاکستان اور ایران اپنی صلاحیتیں یکجا کرکے نہ صرف اپنی بلکہ خطے کی بہت سی ضروریات بھی پوری کرسکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تجارت، توانائی، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا ضروری ہے۔

مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کے عمل کو مسلسل آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام شعبوں میں روابط مزید سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

ایرانی صدر نے امریکی دباؤ کے تناظر میں اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ہونے والے اجلاس باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی واضح مثال ہیں۔

پاک ایران تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں، محسن نقوی

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات اس وقت انتہائی اعلیٰ سطح پر ہیں اور پاکستان انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، توانائی اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاست، ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو پاکستان اور ایران کے درمیان روابط اور دوطرفہ تعاون سے متعلق پیش رفت پر رپورٹ بھی پیش کی۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔

ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی روابط برقرار رکھنے، مشترکہ اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے اور دوطرفہ تعاون کو عملی سطح پر آگے بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔