منگل، 22-ستمبر،2026
منگل 1448/04/11هـ (22-09-2026م)

وفاقی پنشنرز کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام

22 ستمبر, 2026 08:42

وفاقی حکومت نے پنشنرز کی زندگی کی تصدیق کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پنشن کی ادائیگی براہ راست بینک اکاؤنٹس میں جاری رہے گی جبکہ پروف آف لائف کے لیے نادرا کے ڈیجیٹل نظام سے مدد لی جائے گی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے ڈیجیٹل پروف آف لائف اور پنشن ڈسبرسمنٹ سے متعلق نظرثانی شدہ ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر بھی نئے ایس او پیز کو شامل کیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت پنشنرز کی زندگی کی تصدیق نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل انداز میں کی جائے گی، جبکہ کمرشل بینکوں کا بنیادی کردار پنشن کی ادائیگی تک محدود ہوگا۔

پنشنرز کے لیے ڈیجیٹل پروف آف لائف مکمل کرنے کے مختلف طریقے رکھے گئے ہیں، جن میں نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ اور نادرا کے مجاز مراکز شامل ہیں۔ ضرورت پڑنے پر دیگر متبادل ذرائع سے بھی تصدیق کی سہولت دستیاب ہوگی۔

وزارت خزانہ کے مطابق نئے نظام کا مقصد پنشن کی ادائیگی اور زندگی کی تصدیق کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور ڈیجیٹل بنانا ہے تاکہ پنشنرز کو غیر ضروری کاغذی کارروائی اور بار بار بینک کے مراحل سے گزرنے میں دشواری نہ ہو۔

نئے ایس او پیز کے تحت مسلسل مقررہ مدت تک ڈیجیٹل لائف سگنل موصول نہ ہونے کی صورت میں پنشن کی ادائیگی عارضی طور پر روکی جاسکتی ہے، تاہم صرف بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر پنشن اکاؤنٹ کو ڈورمنٹ قرار دینے کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا ہے۔

ڈیجیٹل تصدیق میں دشواری کا سامنا کرنے والے پنشنرز کے لیے ضلعی اکاؤنٹس دفاتر اور متعلقہ پنشن سہولت مراکز سے رجوع کرنے کا متبادل بھی موجود رکھا گیا ہے۔

بیرون ملک مقیم وفاقی پنشنرز کے لیے بھی متبادل تصدیقی طریقہ کار رکھا گیا ہے، تاکہ انہیں پاکستان میں موجودگی کے بغیر اپنی پنشن کے لیے ضروری تصدیق مکمل کرنے میں سہولت حاصل ہو۔

نئے نظام کا اطلاق وفاقی حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین اور اہل فیملی پنشنرز پر ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔