ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026 میں پاکستان نے کیٹیگری ڈی کا گولڈ میڈل جیت لیا

سمرقند: ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپن سیکشن کی کیٹیگری ڈی میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
ازبکستان کے شہر سمرقند میں ہونے والے 46ویں ورلڈ چیس اولمپیاڈ میں پاکستان کی اوپن ٹیم نے اپنی ریٹنگ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان نے اولمپیاڈ کے دوران مجموعی طور پر 12 میچ پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ٹیم کے گیم پوائنٹس 162 رہے۔ ٹورنامنٹ ریکارڈ کے مطابق پاکستان نے 11 راؤنڈز میں 5 میچز جیتے، 2 برابر کیے اور 4 میں شکست کا سامنا کیا۔
پاکستانی ٹیم نے مصر اور یمن کے خلاف اپنے میچز برابر کھیلے، جبکہ کولمبیا اور جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے مجموعی کارکردگی میں مختلف کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر پاکستان اوپن ٹیم 95ویں مجموعی پوزیشن پر رہی، تاہم اپنی مخصوص ریٹنگ کیٹیگری ڈی میں ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ورلڈ چیس اولمپیاڈ کی اختتامی تقریب میں چیس فیڈریشن پاکستان کے صدر ذیشان نقوی نے بھی شرکت کی، جہاں مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں میڈلز تقسیم کیے گئے۔
بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (FIDE) کے مطابق اوپن سیکشن کی پانچ ریٹنگ کیٹیگریز میں امریکا نے کیٹیگری اے، ویتنام نے کیٹیگری بی، ایکواڈور نے کیٹیگری سی، پاکستان نے کیٹیگری ڈی جبکہ قطر نے کیٹیگری ای میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ذیشان نقوی نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی تعاون اور سپورٹ کے ذریعے پاکستان میں شطرنج کے کھیل کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے اور ملک مستقبل میں عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












