منگل، 29-ستمبر،2026
منگل 1448/04/18هـ (29-09-2026م)

اسلام آباد پر چڑھائی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، اعظم نذیر تارڑ

29 ستمبر, 2026 14:42

وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو مذاکرات کے بارہا مواقع دیئے گئے، انتشار پھیلا کر ملکی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔

وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے نیشنل فرانزک ایجنسی لیبارٹری کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا ماضی ان کے کردار کو جانچنے کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر بارہا چڑھائی کی گئی ہے اور سال 2022 کے مئی اور سال 2024 کے نومبر کے واقعات سب کے سامنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کی عوام پی ٹی آئی کی نااہلی سے تنگ، صوبے میں نظام کی تبدیلی کا مطالبہ

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کا طرزِ عمل ٹھیک ہے تو پھر حکومت بھی پرے بیٹھ جائے، لیکن ملک آئین اور قانون کے مطابق چلتا ہے اور جلسے جلوس کر کے شہر پر چڑھائی کرنے سے مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

وزیرِ قانون نے واضح کیا کہ حکومت نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، لیکن مذاکرات کے لیے سنجیدگی کا ہونا بہت ضروری ہے، جبکہ تحریک انصاف کے مذاکرات کی بنیادی شرط ہی ان کے رہنما کی رہائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سزاؤں کے بعد حکومت کا کردار مقدمات میں ختم ہو جاتا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد فورم اب صرف عدالتیں ہیں، جن کے پاس تحریک انصاف کے پاس قانونی راستے موجود ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ طبی معائنے سے متعلق تھا، جس پر حکومت مکمل عملدرآمد کر چکی ہے اور بانی کی ہمشیر نے خود تصدیق کی ہے کہ وہ ہر حوالے سے ٹھیک ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔