معروف بھارتی اداکارہ میتھو مکھرجی 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

بنگالی اور ہندی سنیما کی معروف اداکارہ میتھو مکھرجی 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے خلاف زیر علاج تھیں اور ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زندگی کی آخری سانس لی۔
میتھو مکھرجی نے 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں بنگالی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام بنایا اور اپنے فنی سفر کے دوران متعدد معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔
انہوں نے 1972 میں فلم ’’شیش پروب‘‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جبکہ ’’مرجینا عبداللہ‘‘ میں مرکزی کردار کے بعد انہیں وسیع شہرت حاصل ہوئی۔ ان کی معروف بنگالی فلموں میں ’’نشی کانیا‘‘، ’’موچک‘‘، ’’سویم سدھا‘‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔
میتھو مکھرجی نے بنگالی سنیما کے علاوہ ہندی فلموں میں بھی اداکاری کی۔ ان کی ہندی فلموں میں ’’خان دوست‘‘، ’’سفید جھوٹ‘‘، ’’دل لگی‘‘ اور ’’دو لڑکے دونوں کڑکے‘‘ شامل ہیں۔
اداکارہ نے اپنے کیریئر کے دوران اتم کمار، سومیترا چٹوپادھیائے اور دیگر معروف فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور بنگالی فلمی دنیا میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔
ان کے انتقال پر آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ اداکار پروسین جیت چٹرجی سمیت دیگر فنکاروں نے بھی سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا۔
میتھو مکھرجی کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بنگالی فلم انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے ان کی اداکاری اور طویل فنی سفر کو یاد کیا جارہا ہے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












