بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

گوادر بندرگاہ پر مئی کا پہلا ٹرانس شپمنٹ جہاز لنگر انداز، تجارتی سرگرمیوں میں تیزی

05 مئی, 2026 09:57

گوادر بندرگاہ پر مئی کے پہلے ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز ‘ایم وی شو لانگ’ کی آمد سے تجارتی سرگرمیوں میں نئے جوش و خروش کا آغاز ہو گیا ہے، جس نے ثابت کر دیا ہے کہ عالمی تجارت کے لیے گوادر ایک قابل اعتماد اور اسٹریٹجک متبادل کے طور پر ابھر رہا ہے۔

اسلام آباد سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گوادر بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل کامیابی سے جاری ہے اور مئی کے مہینے کا پہلا بڑا ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی حکام اور جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ نئے جہاز ‘ایم وی شو لانگ’ کی آمد گوادر بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس جہاز میں سولہ ہزار ستتر میٹرک ٹن کارگو موجود ہے، جس کی برتھنگ اور کارگو ہینڈلنگ کا عمل اس وقت انتہائی تیزی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سی پیک کی تکمیل اور گوادر کا مستقبل، کیا ہم اگلے دس سال میں دبئی کو پیچھے چھوڑ دیں گے؟

جنید انوار چوہدری نے خطے کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کیا کہ حالیہ علاقائی اور بحری کشیدگی کے باعث کئی تجارتی جہازوں کا رخ اب گوادر کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بحری صورتحال نے گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور یہ بندرگاہ اب عالمی تجارت کے لیے ایک محفوظ اور قابل اعتماد مرکز بن کر ابھر رہی ہے۔ گوادر کو اب عالمی متبادل تجارتی روٹس میں ایک مرکزی اور اہم مقام حاصل ہوتا جا رہا ہے، جو پاکستان کی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ اپریل میں بھی گوادر بندرگاہ پر چار بڑے ٹرانس شپمنٹ جہازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بندرگاہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر عالمی تجارتی برادری کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تجارت کے لیے ایک کلیدی گزرگاہ بن چکی ہے اور مستقبل قریب میں یہاں تجارتی حجم میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔