بجلی کی ٹارگٹڈ سبسڈی کا نیا میکنزم تیار، بی آئی ایس پی کے ڈیٹا میں موجود صارفین حقدار ہوں گے

وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کے سبسڈی کے نظام میں ٹارگٹڈ سبسڈی کا نیا میکنزم تیار کر لیا، جس کا مقصد صرف مستحق افراد تک ریلیف پہنچانا اور آئی ایم ایف کے معاشی ایجنڈے کو پورا کرنا ہے۔
وفاقی حکومت نے ملکی معیشت کو سہارا دینے اور آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے بجلی کے سبسڈی نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور سبسڈی کا موجودہ طریقہ کار ختم کر دیا جائے گا اور جنوری 2027 سے ایک نیا اور ٹارگٹڈ سبسڈی نظام متعارف کرایا جائے گا۔
اس نئے نظام کے تحت بجلی پر دی جانے والی رعایت صرف ان صارفین کو ملے گی، جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کے مطابق حقیقی معنوں میں مستحق قرار پائیں گے۔
اس سلسلے میں حکومت نے صارفین کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری سے منسلک کرنے کا کام شروع کر دیا ہے اور اس عمل میں عالمی بینک کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایس ای سی پی کا نیا ریکارڈ، پاکستان میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ
اس بڑے اقدام کے ذریعے حکومت ٹیرف ڈیفرینشل اور کراس سبسڈی کا پرانا ڈھانچہ مکمل طور پر ختم کر دے گی۔ اس کا ایک بڑا مقصد ان صارفین کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، جو کم یونٹس ظاہر کر کے سبسڈی حاصل کرنے کے لیے ایک ہی عمارت میں متعدد بجلی کے میٹرز استعمال کرتے ہیں۔
پاور سبسڈی کی تقسیم کے لیے ایک بیرونی فرم کی خدمات بھی رواں ماہ حاصل کر لی جائیں گی۔ حکومتی مؤقف ہے کہ اگرچہ یہ اصلاحات سیاسی طور پر مشکل ثابت ہو سکتی ہیں، لیکن ملک کی معاشی بقا کے لیے یہ ناگزیر ہو چکی ہیں۔
مزید برآں، حکومت نے زرعی شعبے میں بھی اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ای۔ابیانہ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔
پنجاب میں یہ نظام پہلے ہی کام کر رہا ہے، اب سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی اسے ڈیجیٹل کر دیا جائے گا تاکہ آپریشنل اخراجات کے مطابق پانی کے نرخوں کو ایڈجسٹ کیا جا سکے۔
دوسری جانب، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس 8 مئی کو ہونے جا رہا ہے، جس میں پاکستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی منظوری متوقع ہے۔ یہ رقم اسٹاف لیول معاہدے کی کامیابی کے بعد پاکستان کو معاشی استحکام کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










