ایس ای سی پی کا نیا ریکارڈ، پاکستان میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ

ایس ای سی پی نے اپریل کے مہینے میں 4 ہزار سے زائد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس میں آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے سرفہرست رہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک کی کاروباری تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اپریل کے مہینے میں اب تک کی سب سے زیادہ 4 ہزار بیاسی نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئی ہیں۔
اس اضافے کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 101 تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 30 اپریل کو ایک ہی دن میں 304 نئی کمپنیاں رجسٹر کرنے کا یومیہ ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے اس پیش رفت کو دستاویزی معیشت کی جانب ایک انتہائی مثبت قدم قرار دیا ہے، جو ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تاریخ ساز دلچسپی، اپریل میں 24 ہزار نئے اکاؤنٹس کا اضافہ
ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 22 مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں اپنی کمپنیاں رجسٹر کروائی ہیں، جن میں چین سب سے نمایاں رہا۔
صرف چین سے 95 شیئر ہولڈرز نے مختلف شعبوں میں کمپنیاں رجسٹر کیں، جن کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 193 ملین روپے ہے۔
صوبائی لحاظ سے پنجاب 2 ہزار 93 نئی کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 719، سندھ میں 600، خیبر پختونخوا میں 325، گلگت بلتستان میں 276 اور بلوچستان میں 79 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
شعبہ وار تقسیم میں آئی ٹی اور ای کامرس کا پلڑا بھاری رہا، جہاں 832 نئی کمپنیاں سامنے آئیں، جبکہ ٹریڈنگ، سروسز، رئیل اسٹیٹ، سیاحت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












