پیر، 27-جولائی،2026
پیر 1448/02/13هـ (27-07-2026م)

پاکستان اور امریکا کے درمیان کاروباری تعاون کا نیا باب، 40 رکنی امریکی وفد کا دورہ پاکستان

27 جولائی, 2026 11:05

امریکی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی ماہرین پر مشتمل 40 رکنی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی کاروباری روابط کو نئی رفتار مل رہی ہے۔

اس سلسلے میں معروف امریکی سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور ٹیکنالوجی ماہرین پر مشتمل 40 رکنی وفد 26 سے 31 جولائی تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ایس آئی ایف سی، وزارتِ تجارت اور پاکستانی سفارتخانے نے اس دورے کے دوران بی ٹو بی ملاقاتوں، نیٹ ورکنگ سیشنز اور پالیسی بریفنگز کا جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔

اپنے قیام کے دوران امریکی وفد کی وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور ایس آئی ایف سی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں سرمایہ کاری، کاروباری تعاون اور نئے اقتصادی مواقع پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی عوام کو اگست میں مسلسل تین چھٹیاں ملنے کا موقع

اس کے علاوہ وفد کے ارکان وزارتِ تجارت، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر کاروباری و صنعتی اداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزارتِ آئی ٹی کے زیر اہتمام پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، پاشا، نیشنل انکیوبیشن سینٹر اور ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے اشتراک سے آئی ٹی شعبے پر خصوصی بریفنگ بھی دی جائے گی۔

امریکی وفد دفاع، ایرو اسپیس، خلائی ٹیکنالوجی، آئی ٹی، توانائی، صحت، معدنیات اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائز لے گا۔

وفد کے ارکان بالخصوص مشترکہ منصوبوں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ٹیلی میڈیسن، معدنیات اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

یہ دورہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات، غیر ملکی سرمایہ کاری، نجی شعبے کے تعاون اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔