ہنٹا وائرس کا شکار بحری جہاز کی اسپین میں آمد، عوام میں تشویش، ڈبلیو ایچ او کا اہم بیان جاری

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ہنٹا وائرس سے متاثرہ بحری جہاز کی ٹینرائف آمد سے قبل مقامی آبادی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نے اسپین کے جزیرے ٹینرائف کے رہائشیوں کی تشویش دور کرنے کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ہنٹا وائرس کی زد میں آئے ہوئے سیاحتی بحری جہاز ایم وی ہونڈیئس کی اتوار کی صبح آمد متوقع ہے، جس پر اب تک تین مسافر ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے واضح کیا کہ یہ وائرس کورونا جیسی وباء نہیں ہے اور اس کا عوامی صحت کے لیے خطرہ انتہائی کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بحری جہاز پر ہنٹا وائرس کا پھیلاؤ عالمی وبا نہیں ہے، عالمی ادارہ صحت
انہوں نے بتایا کہ ہنٹا وائرس عام طور پر چوہوں کی غلاظت کے ذریعے پھیلتا ہے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسپین کی حکومت نے ایک جامع منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔
اسپین کے وزیر داخلہ کے مطابق 358 سیکورٹی اہلکار مسافروں کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ مسافروں کو جہاز سے اتار کر سیل بند گاڑیوں میں فوجی اسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں انہیں الگ تھلگ وارڈز میں رکھا جائے گا اور ان کے دو بار ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
امریکی ماہرین کی ٹیمیں بھی وہاں پہنچ رہی ہیں تاکہ امریکی مسافروں کی صحت کا جائزہ لے کر انہیں خصوصی طیاروں کے ذریعے وطن واپس لے جایا جا سکے۔
اگرچہ کینری جزائر کی مقامی حکومت نے پہلے اس جہاز کی آمد کی مخالفت کی تھی اور پورٹ ورکرز نے احتجاج بھی کیا تھا، لیکن مرکزی حکومت نے عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اس آپریشن کی منظوری دے دی ہے۔ خراب موسم کی پیش گوئی کے باعث مسافروں کو منگل سے قبل نکالنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












