منگل، 29-ستمبر،2026
منگل 1448/04/18هـ (29-09-2026م)

سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں، 7 دہشتگرد ہلاک

29 ستمبر, 2026 11:31

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ اور بلوچستان کے ضلع چاغی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کل 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

ریاست کی رٹ قائم کرنے اور ملک کو دہشتگردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ملک بھر میں انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں ایک مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جہاں بھرپور فائر تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد مارے گئے۔

آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ان کے تمام چھپنے کے ٹھکانوں کو زمین بوس کر کے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیئے

دوسری طرف بلوچستان میں بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگرد عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ ضلع چاغی کے سرحدی علاقے نوکچہ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

یہ دہشتگرد این 40 شاہراہ کے مختلف حصوں پر تخریبی کارروائیوں اور آتشزدگی کی وارداتوں میں ملوث تھے، جنہوں نے نوکچہ کے مقام پر ایک خالی واٹر باوزر کو نذرِ آتش کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی، لیکن فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی نے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی گروہ کے 11 دہشتگرد اسی نوعیت کی کارروائیوں میں ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ آپریشنز پوری شدت سے جاری رہیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔