جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

ایران کے ہاتھوں اسرائیل کو بھاری نقصان، اصل اعداد و شمار چھپائے جا رہے ہیں: میجر جنرل عبداللہی

31 دسمبر, 2025 12:35

تہران: خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ 12 روزہ جنگ میں اسرائیل کو شدید اور فیصلہ کن نقصان اٹھانا پڑا، تاہم صہیونی حکومت سنسر شپ کے ذریعے اپنے اصل نقصانات عوام سے چھپا رہی ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق میجر جنرل عبداللہی نے شہید کمانڈرز کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی جوابی کارروائی نے دشمن کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے باعث اسرائیل کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام اپنے فوجی اور معاشی نقصانات کو چھپا رہے ہیں، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ایرانی حملوں نے صہیونی حکومت کے اہم عسکری اور اسٹریٹجک مراکز کو نشانہ بنایا۔

میجر جنرل عبداللہی نے سپاہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سابق سربراہ شہید امیر علی حاجی زادہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کی میزائل صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی، مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع میں بھرپور جواب دیا۔ انہی کاری ضربوں کے بعد اسرائیل یکطرفہ طور پر جنگ بندی پر مجبور ہوا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 13 جون 2025 کو اسرائیل نے ایران کے خلاف بلاجواز حملے شروع کیے، ایسے وقت میں جب ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات جاری تھے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں 12 روزہ جنگ چھڑ گئی۔

میجر جنرل عبداللہی کے مطابق اس جنگ میں ایک ہزار سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے، جن میں عسکری کمانڈر، جوہری سائنس دان اور عام شہری شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ایران نے مقبوضہ علاقوں میں اہم اہداف اور قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر کامیاب کارروائی کی۔

ان کے مطابق 24 جون کو ایران کی مؤثر جوابی کارروائیوں کے بعد امریکا اور اسرائیل دونوں کو جارحیت روکنا پڑی، جو ایران کی دفاعی صلاحیت اور اسٹریٹجک برتری کا واضح ثبوت ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔