ایران کسی غیر ملکی مدد کے بغیر پرامن جوہری پروگرام جاری رکھے گا، اکبر ولایتی

ٹرمپ کا امن منصوبہ عرب دنیا کے وسائل پر قبضے کی امریکی سازش ہے، علی اکبر ولایتی
تہران: ایران کے سینئر رہنما اور سپریم لیڈر کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی غیر ملکی مدد یا دباؤ کے بغیر اپنا پرامن جوہری پروگرام جاری رکھے گا۔
مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں واشنگٹن اور تل ابیب کی حالیہ فوجی دھمکیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک قدیم تہذیب، مضبوط قیادت اور باہمت قوم کی بدولت ایک خودمختار اور بااثر ریاست بن چکا ہے۔
اکبر ولایتی کے مطابق ایران خطے میں جنگ نہیں بلکہ امن اور استحکام کا خواہاں ہے، مگر کسی بھی دباؤ یا جارحیت کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔
ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعلقات جون 2025 میں شدید کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے، جب ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے۔
ایرانی حکام نے الزام عائد کیا کہ آئی اے ای اے نے حساس معلومات دشمن ممالک کو فراہم کیں، جس کے نتیجے میں ان حملوں کی راہ ہموار ہوئی۔
ان الزامات کے بعد ایرانی پارلیمنٹ نے ہنگامی قانون سازی کے ذریعے ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کر دیا اور تمام غیر ملکی انسپکٹرز کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
ستمبر 2025 میں مصر کی ثالثی سے قاہرہ معاہدہ طے پایا، جس سے کشیدگی میں وقتی کمی آئی، تاہم نومبر میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے ایران مخالف قرارداد کی منظوری نے اس عمل کو شدید نقصان پہنچایا۔
ایران نے اس قرارداد کو سیاسی دباؤ پر مبنی قرار دیتے ہوئے قاہرہ معاہدے سے باضابطہ علیحدگی اختیار کر لی اور آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی کو آگاہ کر دیا کہ معاہدہ اب مؤثر نہیں رہا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے واضح کیا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام این پی ٹی کے دائرے میں ہے، تاہم آئندہ معائنوں سے متعلق فیصلے قومی سلامتی کونسل کرے گی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












