امریکی فوج کی کارروائی کے بعد ہم وینزویلا کے دفاع اور اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے تیار ہیں، نائب صدر

امریکی فوج کی کارروائی کے بعد ہم وینزویلا کے دفاع اور اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے تیار ہیں، نائب صدر
وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے واضح اعلان کیا ہے کہ ملک اپنی خودمختاری اور قدرتی وسائل کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی صورت کسی دوسرے ملک کی بالادستی قبول نہیں کی جائے گی۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ صدر نکولس مادورو ہی وینزویلا کے آئینی صدر ہیں اور حالیہ واقعات کے دوران انہیں زبردستی حراست میں لیا گیا ہے۔ وینزویلا کبھی کسی طاقت کی کالونی نہیں بنے گا۔
ڈیلسی روڈریگز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات میں صبر، اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ملکی دفاع کے لیے یک آواز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوجی کارروائی کے بعد وینزویلا اپنے ملک اور وسائل کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔
نائب صدر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکہ سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام کریں گی۔
اس سے قبل فلوریڈا میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف فوجداری الزامات کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی ہدایات پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک بڑا اور غیر معمولی فوجی آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور بحری طاقت کا بھرپور استعمال کیا گیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












