جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

طالبان رجیم کو حاصل بھارتی سرپرستی خطے کے ساتھ خود افغانستان کو بھی آگ میں جھونکنے لگی

04 جنوری, 2026 09:31

دہشت گرد گروہوں کی مبینہ سرپرستی کے الزامات کے بعد اب طالبان رجیم کے انسانیت سوز جرائم کا بھی پردہ فاش ہونا شروع ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق طالبان حکومت کو حاصل بیرونی حمایت نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ بن رہی ہے بلکہ خود افغانستان کو بھی شدید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے۔

بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس کے بعد افغان جرائد میں شائع ہونے والی تحقیقات نے طالبان کے مبینہ مظالم سے متعلق ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔ ایک افغان جریدے کے مطابق طالبان کی جانب سے سابق افغان فوجی اہلکاروں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران طالبان نے 29 صوبوں میں 123 سابق فوجی اہلکاروں کو ہلاک کیا، جبکہ 20 صوبوں میں 131 سابق فوجی اہلکاروں کو گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان گرفتاریوں کی اکثریت مبینہ طور پر بغیر کسی عدالتی وارنٹ کے کی گئی۔

افغان جریدے کے مطابق طالبان کی جیلوں میں زیرِ حراست سابق فوجیوں کو سخت اور غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا، جن میں جسمانی تشدد کے مختلف طریقے استعمال کیے گئے۔ رپورٹ میں ان اقدامات کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان انکشافات نے طالبان رجیم کے دعوؤں اور زمینی حقائق کے درمیان فرق کو مزید واضح کر دیا ہے، جبکہ عالمی برادری پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔