منگل، 14-اپریل،2026
منگل 1447/10/26هـ (14-04-2026م)

یورپی یونین کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی حمایت سے انکار

14 اپریل, 2026 12:21

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے واضح کیا ہے کہ یورپی یونین آبنائے ہرمز کے ذریعے آزادانہ جہاز رانی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی حمایت نہیں کرتی۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی پر کڑی تنقید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرتی جو آبنائے ہرمز جیسے اہم عالمی تجارتی راستے پر جہاز رانی کی آزادی کو متاثر کرے۔

کاجا کلاس کا کہنا تھا کہ انہیں تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ امریکہ اس ناکہ بندی کے ذریعے درحقیقت کیا حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس کی تفصیلات کیا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کا مقصد دنیا کو امریکہ سے تیل خریدنے پر مجبور کرنا ہے، رپورٹ

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ راستہ ماضی میں ہمیشہ سب کے لیے کھلا رہا ہے اور کسی بھی راستے پر محصولات کی ادائیگی یا بلاک کرنا یورپی یونین کے اصولوں کے خلاف ہے۔

کاجا کلاس نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک اس وقت خطے کی مدد کے لیے تیار ہوں گے، جب وہاں جنگ مکمل طور پر رک جائے گی اور یہ واضح ہو جائے گا کہ اب کوئی خطرہ باقی نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ کا واحد حل سفارت کاری ہے اور اس کے لیے فریقین کے درمیان باہمی احترام کا ہونا لازمی ہے۔

ایک اہم نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی میز پر خطے کے دیگر ممالک کا ہونا بھی ضروری ہے کیونکہ وہ ایران کو کسی بھی دوسرے ملک سے بہتر جانتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ یورپی یونین کو ان مذاکرات میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں، تو انہوں نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ صدر ٹرمپ یورپی یونین کے بارے میں اپنی رائے کا واضح اظہار کر چکے ہیں، اس لیے جواب سب کے سامنے ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔