حزب اللہ امن کا راستہ اپنائے، امریکی صدر کا پیغام

امریکی صدر نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد حزب اللہ کو امن کی راہ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے اسے ایک بڑا موقع قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر اپنے تازہ ردعمل میں حزب اللہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والی تازہ جنگ بندی کی مکمل پاسداری کرے۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں امید ظاہر کی کہ حزب اللہ اس نازک اور اہم وقت میں بہترین رویے کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے حزب اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس موقع پر امن کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو یہ ان کے لیے ایک عظیم لمحہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ اب قتل و غارت گری کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور خطے میں امن قائم ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا آغاز
تکنیکی طور پر یہ معاہدہ اسرائیل اور ریاست لبنان کے درمیان ہوا ہے، لیکن حزب اللہ چونکہ لبنان میں ایک بڑی عسکری اور سیاسی قوت ہے، اس لیے اس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے اس معاہدے کے حوالے سے اپنا سخت مؤقف برقرار رکھا ہے۔ اسرائیلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ جنگ بندی کا آغاز ہو چکا ہے، لیکن اگر حزب اللہ کی جانب سے کسی بھی قسم کے فوری خطرے کا احساس ہوا تو اسرائیل فوجی جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی کہا ہے کہ کسی بھی پائیدار امن کے معاہدے کے لیے یہ لازمی ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ اس تنظیم کو مکمل طور پر غیر مسلح کیا جائے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











