جمعہ، 12-جون،2026
جمعہ 1447/12/26هـ (12-06-2026م)

بل گیٹس کو زندگی کے کس فیصلے پر آج بھی پچھتاوا ہوتا ہے؟

22 فروری, 2025 08:20

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کو دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہونے کے باوجود آج بھی اپنے ماضی کے ایک فیصلے پچھتاوا ہوتا ہے۔

1974 میں 20 سال کی عمر میں بل گیٹس نے ہارورڈ یونیورسٹی چھوڑ کر مائیکرو سافٹ کے پہلے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا۔ تاہم، اب وہ اس فیصلے پر پچھتاوے کا اظہار کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ اکثر سوچتے تھے کہ کاش وہ واپس جاکر اپنی ڈگری مکمل کرلیتے۔

اپنی سوانح حیات میں بل گیٹس نے بتایا کہ ہارورڈ میں گزارے گئے دنوں کو وہ بہت یاد کرتے ہیں۔ انہیں یونیورسٹی کے ذہین طلبہ کے ساتھ نفسیات، معاشیات اور تاریخ جیسے موضوعات پر گہرائی میں بحث کرنا پسند تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مائیکرو سافٹ کی شاندار کامیابی کے باوجود ہارورڈ کا تدریسی اور سماجی ماحول انہیں ہمیشہ یاد رہا۔

ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا، "میں ہارورڈ میں لطف اندوز ہوتا تھا۔ کلاسز میں وقت گزارنا مجھے پسند تھا۔ کئی بار تو میں ایسی کلاسز میں بیٹھ جاتا تھا جو میرے نصاب کا حصہ نہیں ہوتی تھیں۔”

1974 میں جب بل گیٹس اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی پال ایلن نے ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پیشرفت کی، تو ان کے سامنے دو راستے تھے، یا تو وہ تعلیم ادھوری چھوڑ کر مائیکرو سافٹ پر توجہ مرکوز کریں، یا ہارورڈ میں رہ کر حریف کمپنیوں سے پیچھے رہ جائیں۔ دونوں نے پہلا راستہ چنا۔

ہائی اسکول کے دور سے ہی بل گیٹس اور پال ایلن کا ماننا تھا کہ مائیکرو پروسیسر کی ایجاد کمپیوٹنگ کی دنیا میں انقلاب لائے گی۔ ان کا خیال تھا کہ اس کی بدولت مہنگی کمپیوٹر مشینیں سستی اور چھوٹی ہوجائیں گی، جس سے عام افراد بھی انہیں خریدنے کے قابل ہوسکیں گے۔ جب 1974 میں پال ایلن نے بل گیٹس کو دنیا کی پہلی منی کمپیوٹر کٹ Altair 8800 کے بارے میں بتایا، تو دونوں نے فیصلہ کیا کہ اس کے لیے سافٹ ویئر تیار کرکے وہ ایک نئی انڈسٹری کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

تاہم، اس فیصلے کے بعد بل گیٹس کو تعلیمی سرگرمیوں اور مائیکرو سافٹ کو چلانے کے درمیان توازن قائم رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔ انہوں نے اپنے دوست رک ویلینڈ کو کمپنی سنبھالنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی، تاکہ وہ اپنی ڈگری مکمل کرسکیں۔ لیکن جب رک ویلینڈ نے انکار کردیا تو بل گیٹس کو احساس ہوا کہ کوئی بھی شخص کمپنی کو ان کی طرح بہتر طور پر نہیں چلا سکتا۔ پھر انہوں نے ہارورڈ چھوڑ کر اپنی پوری توجہ مائیکرو سافٹ پر مرکوز کردی۔

بل گیٹس 2000 تک مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹو رہے، جس دوران کمپنی نے کمپیوٹر انڈسٹری کو بدل کر رکھ دیا۔ اس کے ساتھ ہی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ہوگئے۔ لیکن آج بھی وہ ہارورڈ کے تعلیمی اور سماجی ماحول کو یاد کرتے ہیں، اور اس فیصلے پر پچھتاتے ہیں جس نے انہیں اپنی ڈگری ادھوری چھوڑنے پر مجبور کیا۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔