ہفتہ، 13-جون،2026
جمعہ 1447/12/26هـ (12-06-2026م)

‘اگر ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی تو امریکی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے’

28 مارچ, 2025 16:23

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی تو امریکی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔

محمد باقر قالیباف نے ایران کے خلاف امریکا کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ ایران کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر علاقائی دھماکے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکیوں نے ایران کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو یہ بارود کے ڈپو میں چنگاری کی طرح ہوگا جو پورے خطے کو آگ لگا دے گا جب کہ امریکا کے فوجی اڈے اور اتحادی محفوظ نہیں رہیں گے۔

قالیفاف نے دلیل دی کہ امریکا مذاکرات کا مطالبہ کرتا ہے جب کہ وہ سفارتکاری نہیں چاہتا بلکہ اپنے مطالبات مسلط کرنے اور ایران کے دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ امریکی رہنما صرف ایران کے اقتصادی مفادات کو کمزور نہیں کرنا چاہتے بلکہ وہ ہمیں ہماری دفاعی صلاحیتوں سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔ لیکن ان کے نام نہاد مذاکرات ایران پر تخفیف اسلحہ کے لیے دباؤ ڈالنے کا محض ایک ذریعہ ہیں۔

بیان میں محمد باقر نے مزید کہا کہ ایرانی عوام اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ دشمن کے مطالبات کو جبری طور پر قبول کرنا جنگ کا پیش خیمہ ہے اور کوئی بھی عقلمند اور جرات مند قوم ایسی بات کبھی قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے امریکا کے حالیہ خط کا بھی حوالہ دیا اور اسے پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں کسی معنی خیز بحث سے عاری قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ یہ خط امریکی غنڈہ گردی کے سوا کچھ نہیں، البتہ ایرانی قوم کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا اور نہ ہی دھمکی دی جا سکتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔