درجنوں امریکی ریاستوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

درجنوں امریکی ریاستوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا
صحت عامہ کے شعبے میں اربوں ڈالر کے نقصان پر 23 امریکی ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) کے مطابق 23 ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی میں ڈیموکریٹک اٹارنی جنرلز اور گورنرز نے امریکی محکمہ صحت اور ایچ ایچ ایس کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے صحت عامہ کی 12 ارب ڈالر کی فنڈنگ کو اچانک واپس لینا غیر قانونی اور نقصان دہ ہے۔
منگل کے روز دائر کیے گئے مقدمے میں ریاستوں نے انتظامیہ کی جانب سے فنڈز میں کٹوتی کو فوری طور پر روکنے کے لیے عارضی حکم امتناع اور ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے حکم نامہ کی وجہ سے امریکا میں صحت عامہ کی اہم خدمات بند ہو جائیں گی اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ہزاروں کارکن اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
گزشتہ ہفتے امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے کووڈ 19 وبائی امراض سے نمٹنے کے دوران ریاستی اور کمیونٹی ہیلتھ محکموں کے لیے مختص 11.4 بلین ڈالر کی فنڈنگ واپس لے لی تھی۔
ایچ ایچ ایس کے مطابق سی ڈی سی کو توقع ہے کہ تقریبا 30 دنوں میں اس رقم کی وصولی شروع ہوجائے گی۔ اٹارنی جنرل کے مطابق سبسٹینس ایبوز اینڈ مینٹل ہیلتھ سروسز ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اضافی ایک ارب ڈالر ختم کر دیے گئے ہیں۔
ریاستوں کے اتحاد کی دلیل ہے کہ اگرچہ یہ ختم شدہ فنڈز کووڈ -19 وبائی امراض کے دوران مختص کیے گئے تھے لیکن ان کا مقصد صرف کووڈ -19 سے نمٹنے کے لئے نہیں تھا۔
نئے مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتظامیہ کانگریس کی آئینی طاقت کو کمزور کر رہی ہے کیونکہ یہ فنڈز کانگریس کے مخصوص الاٹمنٹ سے منسلک تھے۔ اس میں دلیل دی گئی ہے کہ انتظامیہ کے پاس پہلے سے مختص فنڈز کو منسوخ کرنے کا قانونی اختیار نہیں۔
یہ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی تازہ ترین لہر ہے۔ ٹرمپ کی دوسری صدارت کے پہلے مہینوں میں انتظامیہ کے انتظامی اقدامات کے خلاف 100 سے زائد مقدمات دائر کیے جا چکے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












