امریکی بالادستی کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا، سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر کا دوٹوک مؤقف

امریکی بالادستی کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا، سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر کا دوٹوک مؤقف
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی صورت امریکی بالادستی کو تسلیم نہیں کرے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت اسٹریٹجک زوال کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور وہ طریقے جو ماضی میں عالمی برتری قائم رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے، اب مؤثر نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی کمزوری کے باعث امریکا اپنے مقاصد کے حصول کے لیے طاقت، جنگ، دباؤ اور تشدد جیسے ذرائع اختیار کر رہا ہے۔
ان کے مطابق یہ طرزِ عمل کسی طاقتور ریاست کی علامت نہیں بلکہ کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل وحیدی نے کہا کہ خودمختار ممالک کے خلاف دھمکیاں دینا یا فوجی قیادت کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں امریکا کی اخلاقی ساکھ کو مزید نقصان پہنچا رہی ہیں۔
ایرانی فوجی عہدیدار کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران کمزور نہیں ہوا بلکہ خطے میں مزاحمتی محاذ مزید متحرک ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ہونے والی علاقائی پیش رفت نے طاقت کے توازن کو نمایاں طور پر متاثر کیا۔
بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران دباؤ یا دھمکیوں کے نتیجے میں اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت اور عوام دشمنوں کے خلاف مزاحمت کو ہی قومی سلامتی کی ضمانت سمجھتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












