ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا کیوں جانا ہوگا؟ اہم وجہ سامنے آگئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا کیوں جانا ہوگا؟ اہم وجہ سامنے آگئی
پاکستان کے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کو میچ کے شیڈول کے مطابق سری لنکا جانا پڑے گا۔
اتوار کے روز پاکستان نے اعلان کیا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا، تاہم بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ نہیں کھیلے گا۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ ملاقات میں ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے یہ فیصلہ بنگلادیش کے معاملے پر آئی سی سی کے جانبدارانہ رویے کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا ہے۔ حکومت پاکستان بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتی تھی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ 15 فروری کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شیڈول تھا۔
بھارتی ٹیم کو سری لنکا کیوں جانا ہوگا؟
پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں یہ میچ کھیلا نہیں جائے گا، تاہم آئی سی سی قوانین کے مطابق بھارت کو میچ کے دو پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے تمام ضابطہ کار پورا کرنا ہوگا۔
آئی سی سی پروٹوکول کے تحت بھارتی ٹیم کو میچ کے مقام پر بروقت پہنچنا ہوگا۔ ٹیم کو شیڈول کے مطابق پریکٹس، پریس کانفرنس اور اسٹیڈیم میں حاضری دینا لازم ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم 15 فروری کو کولمبو میں موجود ہوگی۔ ٹیم مقررہ وقت پر اسٹیڈیم پہنچے گی اور پاکستان ٹیم کا انتظار کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اگر پاکستان ٹیم میدان میں موجود نہ ہوئی تو میچ ریفری باضابطہ طور پر میچ منسوخ کرنے کا اعلان کرے گا۔ اس کے بعد ہی بھارت کو دو پوائنٹس دیے جائیں گے۔
دوسری جانب، پاکستان کو اس میچ کے بائیکاٹ کی وجہ سے پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا شامل ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











