اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہو تو میں شاہین، شاداب اور بابر کو ٹیم سے باہر بٹھاؤں: شاہد آفریدی

شاہد آفریدی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر سخت ردعمل دیا ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شکست کے بعد شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹیم کو تنقید کا سامنا ہے، جبکہ سابق کپتان آفریدی بھی برہم دکھائی دیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان نے کئی بنیادی غلطیاں کیں اور بھارتی ٹیم جیت کی حقدار تھی۔
انہوں نے کپتان سلمان علی آغا کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بعض حکمت عملیاں سمجھ سے بالاتر تھیں۔ ان کے مطابق عثمان طارق ٹیم کا ٹرمپ کارڈ تھے، مگر انہیں 10 اوورز تک استعمال نہیں کیا گیا۔
آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پہلے اوور میں رنز دینے کے باوجود آخری اوور بھی انہی سے کروایا گیا، جبکہ ٹیم میں فہیم اشرف جیسے متبادل موجود تھے۔
سابق کپتان نے واضح کیا کہ سینئر کھلاڑی طویل عرصے سے کھیل رہے ہیں اور بڑی ٹیموں کے خلاف انہی سے بہتر کارکردگی کی امید ہوتی ہے، لیکن توقعات پوری نہیں ہو رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہو تو وہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو ٹیم سے باہر بٹھا کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔
آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ نمیبیا کے خلاف آئندہ میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دینا چاہیے تاکہ ٹیم میں بہتری اور مقابلے کا رجحان پیدا ہو سکے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












