منگل، 17-فروری،2026
منگل 1447/08/29هـ (17-02-2026م)

ایران سے معاہدہ آسان نہیں، وہ شہادت کو کامیابی کی معراج سمجھتے ہیں : امریکی وزیر خارجہ

17 فروری, 2026 13:38

مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ کسی جامع سمجھوتے تک پہنچنا آسان کام نہیں ہوگا، تاہم سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ہنگری کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایران میں فیصلہ سازی کا عمل مذہبی قیادت کے زیرِ اثر ہے اور پالیسی فیصلے مذہبی نظریات کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔ یہی پہلو ایران کے ساتھ مذاکرات کو پیچیدہ بناتا ہے، جو شہادت کو کامیابی کی معراج اور اسے اپنی دائمی میراث سمجھتے ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کے بارے میں پیشگی رائے قائم کرنا مناسب نہیں ہوگا اور نہ ہی میڈیا کے سامنے کھلے عام مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔ مذاکراتی ٹیم روانہ ہو چکی ہے اور آئندہ ملاقاتوں کے بعد ہی صورتِ حال واضح ہوگی۔

امریکی عہدیدار نے کہا کہ اگر کوئی سفارتی راستہ نکلتا ہے جس سے ان خدشات کو دور کیا جا سکے جو امریکہ کو لاحق ہیں تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ صدر ہمیشہ پُرامن حل کو ترجیح دیتے ہیں اور انہوں نے ماضی میں بھی مختلف ممالک کے ساتھ بات چیت کا راستہ اختیار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ غیر معمولی طور پر حساس ہے اور ماضی میں بھی ایران کے ساتھ ٹھوس معاہدے کرنا مشکل ثابت ہوا ہے۔ ان کے مطابق جب فیصلے مذہبی اصولوں کی بنیاد پر کیے جائیں تو سفارتی عمل مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔

اس کے باوجود مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کا عمل کسی مثبت نتیجے تک پہنچ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کی خواہش ہے کہ مسئلہ پُرامن انداز میں حل ہو اور خطے میں کشیدگی کم ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا گیا کہ اگر سفارتی کوششیں کامیاب ہو گئیں تو یہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ راستہ آسان نہیں اور نتائج کے بارے میں پیشگی دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔