بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

اسرائیل کا لبنان کی رہائشی عمارت پر حملہ، معتدد افراد ملبے تلے دب گئے، چھ سے زائد مزید شہید

04 مارچ, 2026 10:39

اسرائیل نے لبنان کے مشرقی شہر بعلبک اور دیگر علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔

لبنان کے مشرقی شہر بعلبک میں اسرائیلی حملے کے بعد انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کے گرنے سے بڑی تعداد میں لوگ ملبے تلے دب گئے ہیں اور وہاں سے مدد کے لیے پکارنے والی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

مقامی لوگوں نے فوری طور پر بھاری مشینری اور بلڈوزر جائے وقوعہ پر پہنچانے کی اپیل کی ہے تاکہ دبے ہوئے لوگوں کو نکالا جا سکے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس حملے میں کئی افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور امدادی کارکن خاندانوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لبنان میں فضائی حملوں سے 31 افراد شہید، اسرائیل کا فوجیں اتارنے کا عندیہ

دوسری جانب کوہِ لبنان کے علاقوں ارامون اور سعدیات میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں میں چھ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد پچاس تک پہنچ گئی ہے, جبکہ زخمیوں کی تعداد تین سو پینتیس ہو چکی ہے۔

اسرائیل نے جنوبی لبنان کے سولہ دیہاتوں اور قصبوں بشمول مجدل سلم اور حولہ کے مکینوں کو زبردستی گھر چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

جواب میں حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقے متولا میں اسرائیلی افواج پر راکٹ فائر کیے ہیں اور حیفا میں بحری اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے حزب اللہ کے ساٹھ ٹھکانوں، اسلحہ خانوں اور کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔