پاکستان کا ہدف صرف افغانستان میں موجود دہشت گردوں کا نیٹ ورک ہے، عطاء اللہ تارڑ

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے تحفظ کیلئے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے غیر ملکی جریدوں کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کے اندر عسکریت پسندوں کے خلاف درست اور مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے اپنی کسی بھی کارروائی کے دوران افغانستان میں کسی شہری علاقے کو ہرگز نشانہ نہیں بنایا، بلکہ ان کا ملک صرف اور صرف دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے معاون نظام کو ہدف بنا رہا ہے جو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے اعداد و شمار کو محض خیالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی طرح کے سنجیدہ تبصرے کے قابل نہیں ہیں۔
انہوں نے افغان وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے میدان جنگ میں کامیابیوں کے کئے گئے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں محض ایک بے بنیاد اور بے وزن پراپیگنڈا قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کا پاکستان مخالف مظاہروں میں کم عمر بچوں کا زبردستی استعمال
عطاء اللہ تارڑ نے افغان طالبان حکومت اور اقوام متحدہ کے مشن برائے افغانستان کی جانب سے افغان شہریوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ کابل میں قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کا مکمل انحصار صرف طالبان حکومت کے بیانیے پر ہے، جو حقائق کے منافی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے مل کر پاکستان پر حملے کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان طالبان حکومت اور افغانستان کی سرزمین سے سرگرم متعدد دہشت گرد تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے۔
انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں اور ان کے معاونین بشمول افغان طالبان کے فوجی اڈوں کو ان کی اشتعال انگیزی کے جواب میں درست طریقے سے نشانہ بنایا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے کیے جانے والے تمام حملوں کا فوری اور مؤثر انداز میں جواب دیا گیا ہے اور پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









