افغانستان دہشت گردوں کی جنت بن گیا، احمد مسعود کی طالبان رجیم پر سخت تنقید

این آر ایف کے رہنما احمد مسعود نے افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی اور انہیں محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
افغان سیاستدان اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کے رہنما احمد مسعود نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو دی جانے والی کھلی حمایت اور جنگی معیشت کے فروغ کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں آج جو ناگفتہ بہ حالات پیدا ہو چکے ہیں، یہ براہ راست افغان طالبان رجیم کے برے اعمال کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے ملک کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔
احمد مسعود نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا افغانستان اپنے مقامی لوگوں کے لیے جہنم کا منظر پیش کر رہا ہے، جبکہ عالمی دہشت گرد گروہوں کے لیے یہ ملک ایک محفوظ جنت بن چکا ہے۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح طالبان نے القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو پناہ دی تھی، آج تاریخ خود کو دہرا رہی ہے اور وہی سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا ہدف صرف افغانستان میں موجود دہشت گردوں کا نیٹ ورک ہے، عطاء اللہ تارڑ
احمد مسعود کے مطابق افغانستان میں اس وقت نہ صرف تحریک طالبان پاکستان یعنی فتنہ الخوارج متحرک ہے، بلکہ یہاں بیس سے زائد مختلف دہشت گرد گروہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان پر مسلط اس رجیم کے خلاف ان کی اور ان کے ساتھیوں کی شدید نفرت کبھی کم نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ رجیم عوامی امنگوں کی نمائندگی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق افغانستان کو دہشت گردوں کے لیے بطور لانچنگ پیڈ استعمال کرنے کے خلاف افغان عوام میں طالبان حکومت کے لیے نفرت اور بے چینی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا یہ بھی ماننا ہے کہ عام افغان شہری طالبان کی آمریت اور دہشت گردی کے سہارے چلنے والی اس حکومت سے بری طرح تنگ آ چکے ہیں اور وہ اس صورتحال سے نجات چاہتے ہیں۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہین کہ یہ حقیقت اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ افغانستان بین الاقوامی دہشت گرد عناصر کے لیے ایک محفوظ ٹھکانہ بن چکا ہے، جس کے باعث نہ صرف افغانستان کی داخلی سلامتی داؤ پر لگی ہے بلکہ ہمسایہ ممالک کے لیے بھی خطرات بڑھ گئے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









