ایران کی جنگی صلاحیتیں ختم کردیں، جنگ جلد ختم ہو جائے گی، ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، امریکی فوجی کارروائیاں طے شدہ وقت سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جاری جنگ بڑی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور یہ تنازع جلد اپنے انجام کو پہنچ سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ابتدائی طور پر اندازہ لگایا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی چار سے پانچ ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے، تاہم امریکی افواج نے اس کارروائی کو توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور اب ایران کی بحریہ، فضائیہ اور مواصلاتی نظام مؤثر طور پر کام نہیں کر رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے قطر، بحرین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملے
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے ایرانی ڈرونز اور ان کی تیاری کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق اگر فوجی طاقت کے لحاظ سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ایران کے پاس اب بہت محدود دفاعی صلاحیت باقی رہ گئی ہے۔
ایک اور گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران میں امریکی فوج بھیجنے کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور حکومت اس معاملے پر غور کر رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران میں ایک محدود اور مختصر فوجی کارروائی شروع کی تھی، جس کا مقصد ان عناصر کو ختم کرنا تھا، جنہیں واشنگٹن خطے کے لیے خطرہ قرار دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کئی حوالوں سے یہ جنگ جیت چکا ہے تاہم مکمل کامیابی کے لیے مزید اقدامات ضروری ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ایران طویل عرصے تک ایٹمی ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل نہ کر سکے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کے دوران امریکا نے اس کے اہم فوجی رہنماؤں کو نشانہ بنایا اور اس سے ایران کی عسکری صلاحیت کو بڑا دھچکا پہنچا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں اب بھی کچھ اہداف باقی ہیں، جنہیں بوقت ضرورت بہت کم وقت میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












