ایران جنگ کے دوران ایک سو چالیس امریکی فوجی زخمی ہوئے، پینٹاگون کی تصدیق

امریکی محکمہ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران اب تک تقریباً ایک سو چالیس امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔
محکمہ دفاع کے ترجمان شان پارنیل نے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف جاری آپریشن کے پہلے دس دنوں کے دوران اب تک تقریباً ایک سو چالیس امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والے بیشتر اہلکاروں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور ان میں سے ایک سو آٹھ فوجی علاج کے بعد دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آٹھ امریکی فوجی شدید زخمی ہیں اور انہیں اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی اور اسرائیلی حملوں میں تیرہ سو سے زائد ایرانی شہری شہید ہوچکے ہیں، ایرانی مندوب
امریکی فوج نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں میں خطے کے مختلف مقامات پر سات امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک اور فوجی کی موت کویت میں صحت سے متعلق ایک واقعے کے باعث ہوئی۔
ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کیے گئے حملوں کے جواب میں مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں اور اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس فوجی کارروائی کا ابتدائی منصوبہ چار سے چھ ہفتوں میں مکمل اہداف حاصل کرنا تھا جن میں ایران کے میزائل نظام کو تباہ کرنا، ان کی تیاری کی صلاحیت ختم کرنا، بحری قوت کو نقصان پہنچانا اور ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے مستقل طور پر روکنا شامل ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












