بدھ، 11-مارچ،2026
بدھ 1447/09/22هـ (11-03-2026م)

لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند، گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع

11 مارچ, 2026 13:03

گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں کے بعد مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہو گئی، جس سے علاقے کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں ہونے والی مسلسل بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث علاقے کا ملک کے دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق شاہراہ قراقرم اپر کوہستان کے مختلف مقامات پر شدید بارشوں کے بعد پہاڑی تودے گرنے سے کئی جگہوں پر راستے بند ہو گئے ہیں۔

شاہراہ کی بندش کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے اور سینکڑوں مسافر گاڑیاں اور مال بردار ٹرک سڑک کے مختلف حصوں میں پھنس گئے ہیں۔ بند راستوں کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسکردو میں املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا اعلان

انتظامیہ کے مطابق سڑکوں کی بحالی کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور متعلقہ اداروں کی مشینری ملبہ ہٹانے میں مصروف ہے تاکہ ٹریفک کی روانی جلد بحال کی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ راستے میں پھنسے ہوئے ساٹھ مسافروں کو ریسکیو کارروائی کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں عارضی پناہ گاہ قائم کی گئی ہے۔ وہاں انہیں خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی سڑکوں سے ملبہ ہٹانے کا عمل تیز کیا جائے گا، تاکہ گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ دوبارہ بحال کیا جا سکے اور مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔