امریکہ کی خلیجی اتحادیوں کو ایران کیخلاف جنگ میں شامل کرنے کی کوشش

عرب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ اپنے خلیجی اتحادیوں کو ایران کے خلاف جنگ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بعض سیاست دان خلیجی ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف عسکری کارروائی میں حصہ لیں۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے ایک بیان میں خلیجی عرب ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو اس کے نتائج ہو سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک اس جنگ میں براہ راست فریق نہیں ہیں اور وہ اس تنازع سے دور رہنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ خلیجی ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ جنگ ان کی نہیں ہے اور وہ اس میں شامل ہو کر مزید عدم استحکام پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایک ایسی حکمت عملی اختیار کر رہا ہے، جس میں وہ جنگ کا بوجھ اپنے خلیجی اتحادیوں پر ڈالنا چاہتا ہے، جبکہ خود کم سے کم نقصان اٹھانا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا امریکہ اور اسرائیل پر ایرانی ڈرون کی نقل تیار کرنے کا الزام
واشنگٹن کی جانب سے مختلف طریقوں سے خلیجی ممالک کو اس تنازع میں شامل کرنے کی کوششوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ عرب ممالک اس جنگ میں شامل ہو رہے ہیں جبکہ خلیجی ممالک نے اس کی تردید کی ہے۔
اسی طرح بعض اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا کہ بعض ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ایران پر حملے خلیجی ممالک کی سرزمین سے کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کی طرف سے بھی بعض ایسے دعوے سامنے آئے، جن کی فوری تردید کی گئی۔ مثال کے طور پر یہ الزام لگایا گیا کہ ایران میں ایک پانی صاف کرنے کے مرکز پر حملے کے پیچھے متحدہ عرب امارات کا ہاتھ ہے، تاہم ابوظہبی نے اس الزام کو مسترد کر دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات کی تاریخ طویل ہے اور ماضی میں دونوں فریق ایران کے مقابلے میں ایک دوسرے کے قریب رہے ہیں۔
تاہم موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک محتاط حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہیں، کیونکہ ان کے لیے اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ جنگ میں شامل ہونا ایک پیچیدہ اور خطرناک فیصلہ ہو سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خلیجی ممالک سمجھتے ہیں کہ اگر وہ ایران کے ساتھ براہ راست جنگ میں شامل ہو گئے تو اس کے نتائج طویل المدت اور سنگین ہو سکتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












