مسلم ممالک کے رویئے پر اظہارِ افسوس، اسلامی ممالک کس کے ساتھ ہیں، علی لاریجانی کا سوال

ایران کے سینئر رہنماء نے ایران پر ہونے والے حالیہ حملوں کے تناظر میں مسلم ممالک کے رویئے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں اسلامی ممالک کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سابق اسپیکر اور سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے حالیہ فوجی تنازعے اور ایران پر ہونے والی جارحیت کے دوران مسلم ممالک کے خاموش اور غیر جانبدارانہ کردار پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ ایران پر حملہ ہوا لیکن اس مشکل وقت میں اکثر مسلم ممالک نے ساتھ نہیں دیا، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس وقت تنہاء ہی امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ قوت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹا ہوا ہے اور اپنی خود مختاری کا دفاع کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور سعودی عرب کا مسلم ممالک کے درمیان تصادم روکنے پر اتفاق
علی لاریجانی نے عالمِ اسلام کی قیادت سے تیکھا سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ موجودہ نازک صورتحال میں مسلم ممالک کا رخ کس طرف ہے اور وہ کس کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی کہ بعض اسلامی ممالک نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے کے بجائے الٹا ایران کو ہی اپنا دشمن قرار دے دیا ہے، جو کہ تزویراتی اور اخلاقی طور پر ایک بڑی غلطی ہے۔
علی لاریجانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ عالمی طاقتیں یہ توقع نہ رکھیں کہ ایران اپنے اوپر ہونے والے حملوں پر ہاتھ باندھے خاموش کھڑا رہے گا، بلکہ ایران اپنے دفاع کا بھرپور حق رکھتا ہے اور اسے استعمال بھی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا مقصد خطے میں اپنی چوہدراہٹ یا تسلط قائم کرنا ہرگز نہیں ہے، بلکہ ایران کی اصل خواہش یہ ہے کہ پوری امتِ مسلمہ متحد ہو کر اپنے مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












